بنگلورو25؍جولائی(ایس او نیوز) میسور کی ڈپٹی کمشنر شیکھا کا راستہ روک کر انہیں دھمکی دینے کے معاملے میں کلیدی ملزم مری گوڈا کا پتہ لگانے اور جلد از جلد اسے عدالت کے سامنے پیش کرنے کیلئے قدم اٹھانے کی آج ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو سخت ہدایت دی ہے۔ کانگریس لیڈر اور وزیر اعلیٰ سدرامیا کے دست راست سمجھے جانے والے مری گوڈا کی عرض�ئ ضمانت کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے واحد جج کی بنچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ اس ملزم کی تلاش کیلئے حکومت نے اب تک کیا قدم اٹھائے ہیں، اس کی تفصیل عدالت کو پیش کی جائے ۔ سرکاری وکیلوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم فرار ہوچکا ہے اور اس کے ٹھکانے کے بارے میں حکومت کو کوئی اطلاع نہیں ملی ہے، پولیس کی طرف سے اس کو گرفتار کرنے کیلئے کوشش جاری ہے۔ اسی مقصد سے ایک ٹیم کیرلا روانہ کردی گئی ہے۔ عدالت نے حکومت کی طرف سے اس جواب پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے جلد ازجلد مری گوڈا کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کے ساتھ کارروائی کو 28 جولائی تک ملتوی کردیا۔